مئو ناتھ بھنجن (A.T.N)
روٹری کلب مئو ناتھ بھنجن کی جانب سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سال 2026 کے نیٹ (NEET) امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والے ضلع کے ہونہار طلبہ و طالبات کو اعزاز سے نوازا گیا۔ اس دوران کامیاب طلباء اور ان کے والدین میں بے مثال جوش و خروش دیکھنے کو ملا۔
پروگرام کا آغاز کلب کے صدر اور عہدیداران کے ذریعے شمع روشن کر کے کیا گیا۔ کلب کے صدر سچندر سنگھ نے بچوں کی اس شاندار کامیابی پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سخت محنت، لگن اور صحیح رہنمائی سے ہی یہ مقام حاصل کیا جا سکتا ہے۔ ان بچوں نے نہ صرف اپنے خاندان بلکہ پورے مئو ناتھ بھنجن کا نام روشن کیا ہے۔

تقریب میں تمام کامیاب طلبہ و طالبات کو یادگاری نشان اور تحائف دے کر سرفراز کیا گیا۔ اعزاز پانے والوں میں خصوصی طور پر جیش ورما، محمد شامی، علینہ شکیل، فضل کریم، ریاض احمد، اریبہ شکیل، یشراج پرجاپتی، احمد جواد، عدنان، مریم، حذیفہ سمیر، عاقب، عماد، ابھیشیک، احمد ارسلان (JEE)، سامیہ قمر، ناصرہ اظہر، سمرا فردوس، زیاد انور سمیت درجنوں نیٹ کے امیدوار موجود تھے۔
اس موقع پر کلب کے سبکدوش ہونے والے صدر اور سائی اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اے کے سنگھ نے کہا کہ بچوں نے سخت محنت کر کے یہ کامیابی حاصل کی ہے۔ روٹری کلب کا خاندان ان کے روشن مستقبل کی تمنا کرتا ہے اور امید کرتا ہے کہ آنے والے وقت میں وہ جذبہ خدمت کے تحت کام کریں گے۔

سینئر روٹیرین اجیت سنگھ، پردیپ سنگھ، انجینئر شاہد، ہرے کرشن برنوال، بال کرشن تھرڈ، سبکدوش ہونے والے سکریٹری ڈاکٹر خالد وغیرہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بچوں کے روشن مستقبل کی دعا کی۔ تقریب کی نظامت سکریٹری روٹیرین ڈاکٹر ایم اسلم نے کی جبکہ تہنیتی پیغام پروگرام کے کنوینر ساجد انور نے پیش کیا۔ اس موقع پر روٹیرین ڈاکٹر ابھیمنیو دوبے، روٹیرین سریندر یادو، اساتذہ کرام اور شہر کے معززین موجود رہے، جنہوں نے بچوں کے تابناک مستقبل کی دعا کی۔
