مئوناتھ بھنجن (A,T,N)ضلع کانگریس کمیٹی کی قیادت میں ایک انتہائی اہم تنظیمی جائزہ میٹنگ اختتام پذیر ہوئی ۔اس میٹنگ میں تنظیم کی مضبوطی اور آئندہ دنوں میں سامنے آنے والے سیاسی چیلنجیز پر تفصیلی گفتگو ہونے کے ساتھ ہی ساتھ بڑی تعداد میں نوجوانوں کو پارٹی کی ابتدائی رکنیت دلائی گئی جس سے ضلع میں کانگریس پارٹی کو ایک نئی توانائی ایک نئی انرجی ملی ہے ۔ میٹنگ میں خاص طور سے قومی سکریٹری ستیہ نارائن پٹیل نے بھاجپا سرکار پر تلخ حملہ کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ سرکار ہر مورچے پر فیل ثابت ہوئی ے ۔مہنگائی ، بے روزگاری اور نوجوانوں کے مستقبل سے کھلواڑ اس سرکار کی شناخت بن چکی ہے ۔انہوں نے کہاکہ کانگریس ورکرس اب خاموش نہیں بیٹھیں گے اور سرکار کی عوام مخالف پالیسیوں کے خلاف سڑک سے لیکر ایوان تک جدو جہد کریں گے ۔مہمان اعزازی ریاستی نائب صدر آلوک پرساد نے کانگریس پارٹی کی رکنیت اختیار کرنے والے نوجوانوں کا استقبال کرتے ہوئے کہاکہ تنظیم کی اصل طاقت ہمارے زمین ورکرس اور نوجوان ہیں ۔ہمیں بوتھ سطح پر جاکر عوام سے براہ راست رابطہ قائم کرنا ہوگا ،بھاجپا کی تقسیم کاری سیاست کا جواب ہمیں تعمیر و ترقی اور بھائی چارگی کے پیغام سے دینا ہے ۔صدارتی خطاب کرتے ہوئے ضلع صدر راج منگل یادو نے آئندہ اسمبلی انتخاب کیلئے جوش بھرتے ہوئے کہاکہ آج کثیر تعداد میں نوجوانوں کا کانگریس پارٹی سے جڑنا اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام تبدیلی چاہتے ہیں ۔مئو ضلع کانگریس کمیٹی پوری طرح سے الیکشنی موڈ میں ہے اور ہم سب مل کر پوری مضبوطی کے ساتھ الیکشن لڑیں گے اور مئو کی چاروں اسمبلی سیٹوں پر 2027 میں تاریخی جیت درج کرنے کا کام کریں گے ۔نظامت کے فرائض ادے پرتاپ رائے نے انجام دیئے ۔میٹنگ میں ضلع کے سبھی اہم عہدیداروں ، بلاک صدور اور بڑی تعداد میں کانگریسی ورکرس موجود رہے 
