مئو ناتھ بھنجن(A.T.N) گزشتہ روزاصلاح معاشرہ کمیٹی جمعیت علماء ضلع مئو کی طرف سے ایک اہم میٹنگ بعد نماز عصر مدینہ مسجد جمن پورہ کوپا گنج میں زیر صدارت حاجی خلیق احمد منعقد ہوئی جس میں جمعیت علماء کی طرف سے شہر اور قصبوں کے مختلف محلوں اور گاؤں میں خواتین و مرد حضرات کے لیے اصلاح معاشرہ کے پروگرام کا جائزہ لیا گیا نیز بعد نماز مغرب اصلاحی پروگرام کا انعقاد ہوا، اس موقع پر حضرت مولانا افتخار احمد مفتاحی صدرجمعیت علماء ضلع مئونے اصلاح معاشرہ کے ذمہ داران اور اس سے متعلق حضرات سے اپیل کی کہ اپ لوگ اپنے اپنے علاقوں میں کافی مستعدی کے ساتھ اصلاح معاشرہ کا کام کریں اور جہاں اصلاح معاشرہ کمیٹی کی تشکیل کی ضرورت ہو وہاں فی الفور کمیٹی بنائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو جوڑا جا سکے اور ہفتہ واری مسجدوں یا گھروں میں مرد و خواتین کا پروگرام رکھا جائے۔

اس مناسبت سے حضرت مولانا رفیق احمد کنوینر اصلاح معاشرہ کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ آج معاشرہ میں بڑی تیزی سے بگاڑ پیدا ہوتا جا رہا ہے جو نہایت ہی سنگین اور حساس مسئلہ ہے جس پر ہماری توجہ کی ضرورت ہے چونکہ بہت سے بچے اور بچیاں جو دین سے بالکل دور ہیں جس کی وجہ سے وہ بےراہ رو ہوتے جا رہے ہیں ۔خصوصا ہماری مسلم بچیاں ارتداد کا شکار ہو رہی ہیں۔جس کی روک تھام نہایت ضروری ہے جس کے لیے انہیں ایک مثبت اور متوازن مذہبی تعلیم دی جائے گھر، اسکول اور کمیونٹی میں ایک محفوظ ماحول بنایا جائے۔مولانا ارشد جمال جنرل سیکرٹری جمعیت علماء شہرمئو نےاپنے خطاب میں کہا کہ جیسا کہ آپ حضرات بخوبی واقف ہیں کہ جمیعت علماء ہند کا مشن عام طور پر تعلیم، اسلامی اقدار کی ترویج، معاشرتی انصاف اور لوگوں کے رہنمائی کرنا مقصود ہے جس کے تحت اصلاح معاشر کمیٹی، مدارس اور دینی اداروں کا قیام، نوجوان بچے اور بچیوں کی اسلامی تعلیم و تربیت وغیرہ شامل ہیں تاکہ اسٹیج سے ہر خاص و عام تک ایک اچھا پیغام جا سکے ۔

پروگرام کا اختتام حضرت مولانا افتخار احمد صاحب مفتاحی کی دعا پر ہوا
اس پروگرام میں مولانا کمال اختر صاحب قاسمی سیکرٹری جمیعت علماء ضلع مئو،
: مولانا اسلام الدین اعظمی، سہیل احمد اجالا،مفتی محمد ابوذر مفتاحی،مولانا مرغوب الحق،مولانا رضوان احمد ، مولانا انعام الحق،حاجی شمس البشر ،قاری امیر الحسن،مولانا لطف الرحمان،حافظ اخلاق احمد،حاجی شکیل احمد گھوسی،مولانا انعام الحق کرہاں،مولانا عبدالرحیم پورہ معروف ،مولانا فیصل حماد پورہ معروف ، ماسٹر محمد امان، وغیرہ شامل تھے۔
