نالے پر ٹرانسفارمر لگانے کے خلاف مظاہرہ
مئو ناتھ بھنجن ( A.T.N)
شہادت پورہ مچھلی منڈی روڈ پر محکمہ بجلی کی غفلت اور آمرانہ رویے کے خلاف مقامی شہریوں کا غصہ پھوٹ پڑا ہے۔ نگر پالیکا کے نالے پر قواعد کو بالائے طاق رکھتے ہوئے زبردستی دوسرا ٹرانسفارمر لگانے کی مخالفت کرنے پر، محکمہ بجلی کے علاقائی جونیئر انجینئر (JE) پر الزام ہے کہ انھوں نے انتقامی کارروائی کرتے ہوئے علاقے کی بجلی بار بار ٹرپ کروا کر عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔

اس صورتحال کے خلاف مشتعل شہریوں نے محکمہ بجلی کے سپرنٹنڈنگ انجینئر (SE) کے دفتر پہنچ کر شدید احتجاج کیا اور ایک شکایتی میمورنڈم سونپ کر قصوروار جے ای کو فوری برطرف کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
مقامی شہریوں نے صحافیوں کو بتایا کہ محکمہ بجلی نے پہلے ہی قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اور عوامی تحفظ کو نظر انداز کر کے نگر پالیکا کے نالے کے اوپر ایک بھاری بھرکم ٹرانسفارمر لگا رکھا ہے۔ اس کی وجہ سے مرکزی راستہ انتہائی تنگ ہو گیا ہے اور راہگیروں کو روزانہ پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
علاقہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ برسات کے دنوں میں اس راستے پر دو دو فٹ تک پانی جمع ہو جاتا ہے۔ نالے پر ٹرانسفارمر ہونے کی وجہ سے پانی میں کرنٹ آنے کا جان لیوا خطرہ ہمہ وقت موجود رہتا ہے۔ اسی سڑک پر نرسری سے لے کر انٹرمیڈیٹ تک کا ایک مشہور کالج واقع ہے، جہاں سے روزانہ سینکڑوں معصوم طلباء گزرتے ہیں۔ کسی بھی وقت کوئی بڑا سانحہ پیش آ سکتا ہے۔ کرنٹ کے خوف سے نگر پالیکا کے صفائی اہلکار بھی نالے کی صفائی نہیں کرتے، جس سے علاقے میں گندگی اور تعفن پھیل رہا ہے۔
صورتحال اس وقت مزید کشیدہ ہو گئی جب محکمہ بجلی نے اسی خطرناک اور خستہ حال مقام پر ایک اور نیا ٹرانسفارمر نصب کرنے کی تیاری شروع کر دی۔ جب مقامی لوگوں نے اپنی جان و مال کے تحفظ کی خاطر اس اقدام کی پرامن مخالفت کی، تو متعلقہ افسران نے عوامی مفاد کو سمجھنے کے بجائے ضد اور آمریت کا مظاہرہ کیا۔
شہریوں کا الزام ہے کہ مخالفت سے بوکھلا کر علاقائی جے ای نے بدنیتی کی بنا پر پورے علاقے کی بجلی بار بار ٹرپ کرانا شروع کر دی ہے۔ اس شدید گرمی میں غیر اعلانیہ کٹوتی سے بچے، بزرگ اور بیمار افراد شدید اذیت میں مبتلا ہیں۔
محکمہ بجلی کے اس ظالمانہ رویے کے خلاف آج کثیر تعداد میں شہریوں نے بجلی دفتر کا گھیراؤ کیا اور سپرنٹنڈنگ انجینئر کو میمورنڈم پیش کیا۔ جس میں مطالبہ کیا گیا کہ اختیارات کا ناجائز استعمال کر کے عوام کو ہراساں کرنے والے قصوروار جے ای کو فوری طور پر برطرف کیا جائے۔ نالے پر دوسرا ٹرانسفارمر لگانے کا کام فوری بند کیا جائے اور پرانے ٹرانسفارمر کو بھی کسی محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے۔علاقے کی بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور غیر اعلانیہ ٹرپنگ کا سلسلہ بند کیا جائے۔
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کو سخت انتباہ دیا ہے کہ اگر فوری طور پر یہ مسئلہ حل نہ کیا گیا اور قصوروار اہلکار کے خلاف کارروائی نہ ہوئی، تو عوام سڑکوں پر اتر کر شدید احتجاج اور چکا جام، ہڑتال کرنے پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری محکمہ بجلی اور مقامی انتظامیہ پر عائد ہوگی۔

واضح رہے کہ اس احتجاج اور میمورنڈم پیش کرنے والوں میں بھاکپا-مالے، ماکپا، ایم کے، نوجوان بھارت سبھا، کتائی مل پنشنر سنگھ، اور انوس جیسی تنظیموں کے نمائندے شامل تھے۔ علاوہ ازیں اس موقع پر خاص طور سے شری رام سنگھ، وریندر کمار، بسنت کمار، سکندر، دیویہ کمار، پردھُمن یادو، وشنو راجبھر اور وکی سریش موجود تھے۔
