مؤناتھ بھنجن (A,T,N)ڈی ایم مؤ آنند وردھن کی صدارت میں مؤ کے وکاس بھون کے میٹنگ ہال میں منعقد ضلع سطحی تاجروں کی میٹنگ میں مؤ ساڑی ویاپار ایسوسی ایشن کے ذریعہ مؤ کی ساڑی صنعت سے منسلک متعدد مسائل اور مطالبات کو ترجیحاتی بنیاد پر اٹھائے گئے۔ایسوسی ایشن کے صدر جمال ارپن اور جنرل سکریٹری شفیق الرحمن کوٹھاری نے ساڑی صنعت کی موجودہ صورت حال،بڑھتی ہوئی پروڈکشن لاگت، مہنگے دھاگے،جدید تکنیک کی کمی اور بنکروں نیز تاجروں کے درمیان آرہے چیلنجیز کو تفصیل سے پیش کیاگیا۔

اس دوران ایسوسی ایشن کی جانب سے ڈی ایم کو ایک میمورنڈم پیش کرتے ہوئے الیکٹرانک جکاٹ مشینوں پر اسپیشل سبسڈی،یارن بینک کا قیام، کامن فیسلیٹی سینٹر (CFC)،سستی اور 24 گھنٹے بجلی نظام،گلوبل مارکیٹ لنکیج، GeM پورٹل ٹریننگ،بیرونی ٹیکسٹائل نمائشوں میں وفد بھیجنے اور پاورلوم، ہینڈ لوم کی جدید کاری سے متعلق مطالبات کئے گئے۔ڈی ایم نے ایسوسی ایشن کے ذریعہ اٹھائے گئے مدعوں کو سنجیدگی کے ساتھ سنا اور یقین دہانی کرائی کہ مؤ کی ساڑی صنعت اور تاجروں کے مسائل تفصیل سے تبادلہئ خیال کرنے کیلئے جلد ہی ایک الگ سے اسپیشل میٹنگ منعقد کی جائے گی جس میں متعلقہ محکموں کے افسران اور تاجر نمائندگان کو مدعو کرکے ضروری حل تلاش کرنے کی سمت میں کاروائی کی جائے گی۔مؤ ساڑی ویاپار ایسوسی ایشن نے ڈی ایم کے مثبت یقین دہانی کا استقبال کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ انتظامیہ کے تعاون سے مؤ کی روایتی ساڑی صنعت کو ایک نئی رفتار حاصل ہوگی اور بنکروں و تاجروں کو اس کا فائدہ ملے گا۔

