مئو ناتھ بھنجن (A.T.N)
گزشتہ شام بزم دبستانِ سخن کی ماہانہ طرحی نشست بمصرع طرح "اتنی عجلت ٹھیک نہیں ہے”پر پیارے پورہ میں واقع تابش ریحان کے احاطے میں منعقد ہوئی جس کی صدارت بزم کے صدر عمران ساغر نے کی اور نظامت کے فرائض فیصل عزیز نے انجام دیے ۔ شعراء کے منتخب اشعار حسب ذیل ہیں:
ثروت شہرت ٹھیک نہیں ہے
بے جا دولت ٹھیک نہیں ہے
نسیم احمد نسیم
فرقہ پرستی کا ہے نتیجہ
آج یہ امت ٹھیک نہیں ہے
عمران ساغر
جو مفلس کے کام نہ آئے
ایسی دولت ٹھیک نہیں ہے
فیصل عزیز
خواہش دولت ٹھیک ہے لیکن
حرص دولت ٹھیک نہیں ہے
تابش ریحان
چشم عدو بیدار اگر ہو
خواب غفلت ٹھیک نہیں ہے
معین الدین عامر
خامی ہے تو بول دو منہ پر
دیکھو غیبت ٹھیک نہیں ہے
شاہد فریدی
قربت کی کچھ راہ نکالو
اتنی فرقت ٹھیک نہیں ہے
قاسم فراز
گاہے گاہے ملتے رہیے
لمبی فرقت ٹھیک نہیں ہے
عادل حرا
اپنے گھر کی شہزادی کو
اتنی مہلت ٹھیک نہیں ہے
ساجد حیات
اہل چمن کی بے فکری اور
باغ کی حالت ٹھیک نہیں ہے
شکیب تائب
ان کے علاوہ سلیم ساغر، داؤد وسیم، تنویر گلفام، ارسلان عنبر مجاہد الاسلام اور خالد حیات نے بھی کلام پیش کیے۔ نشست میں محمد اجمل، عامر رحمانی اور کثیر تعداد میں سامعین موجود تھے . بزم کی اگلی طرحی نشست کے لیے مصرع طرح "کھل کے جینے والوں کی زندگی ہے خطرے میں” کا انتخاب کیا گیا ہے ۔ ملحوظ رہے کہ ‘زندگی’ قافیہ ہوگا۔
