مئو ناتھ بھنجن (A.T.N)
خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے انتھک محنت اور پختہ عزم کی ضرورت ہوتی ہے، اور اس بات کو ضلع مئو کے علاقے حقیقت پور کی ہونہار بیٹی فرحت کوثر نے سچ ثابت کر دکھایا ہے۔ فرحت نے اپنی پہلی ہی کوشش میں بہار پبلک سروس کمیشن (BPSC) کے مسابقتی امتحان میں شاندار کامیابی درج کرتے ہوئے 53واں رینک حاصل کیا ہے، جس کے بعد ان کا انتخاب ریونیو آفیسر (RDO) کے باوقار عہدے کے لیے ہوا ہے۔

فرحت کوثر کی اس عظیم کامیابی پر سماجی تنظیم ’رے آف ہیومینٹی‘ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ تنظیم کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کامیابی صرف فرحت کی انفرادی کامیابی نہیں، بلکہ پورے ضلع مئو کے لیے باعثِ فخر اور نوجوانوں کے لیے ایک زبردست ترغیب ہے۔ فرحت نے یہ پیغام دیا ہے کہ اگر ہدف واضح ہو، محنت ایمانداری سے کی جائے اور حوصلے بلند ہوں تو کامیابی قدم چومتی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ آج کے دور میں جہاں نوجوان طبقہ مختلف چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، وہاں فرحت کوثر کی یہ کامیابی انہیں اس بات کا یقین دلاتی ہے کہ لگن، نظم و ضبط اور مسلسل کوششوں کے بل بوتے پر کسی بھی بلندی کو سر کیا جا سکتا ہے۔

’رے آف ہیومینٹی‘ کنبے نے مئو کی اس باصلاحیت بیٹی کو اس تاریخی کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ تنظیم نے اس بات کا بھی یقین ظاہر کیا ہے کہ فرحت کوثر اپنے منصبی فرائض کی انجام دہی، معاشرے کی فلاح و بہبود اور ملک کی خدمت کے ذریعے ایک نئی مثال قائم کریں گی۔
علاقے کے عوام اور معززین کا بھی کہنا ہے کہ مئو کو فرحت کوثر پر فخر ہے اور ان کی یہ کامیابی آنے والی نسلوں کے لیے مینارۂ نور ثابت ہوگی۔
